لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معدے کے مرض میں مبتلا سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کے علاج کا خرچ اٹھا لیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان اور جی ایم ڈومیسٹک جنید ضیا نے ذوالقرنین حیدر کی عیادت کی اور انہیں امدادی چیک پیش کیا۔ اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ یہ واضح نہیں ہے کہ پی سی بی کی جانب سے کتنی رقم کا چیک دیا گیا ہے تاہم جیو نیوز کا دعویٰ ہے کہ پی سی بی نے ذوالقرنین حیدر کے علاج کے اخراجات اٹھالیے ہیں۔
خیال رہے کہ عمان میں قیام کے دوران ذوالقرنین حیدر معدے کے امراض کا شکار ہوئے تھے۔ کرکٹر کے مطابق عمان میں باسی کھانا کھانے کی وجہ سے انہیں معدے کا انفیکشن ہوا، وہ بیرون ملک علاج کی سکت نہیں رکھتے تھے اس لیے انہوں نے لاہور میں آکر آپریشن کرایا۔