گال(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان نے سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 21 رنز بنا لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے 222 رنز کے خلاف عبداللہ شفیق اور امام الحق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن امام الحق صرف 2 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے اور آوٹ ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ اوپننگ پر آںے والے عبداللہ شفیق بھی کوئی خاصی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور 13 سکور بنا کر پولین لوٹ گئے ۔
اس سے قبل سری لنکا نے دنیش چندی مال کے 75 رنز کی بدولت 222 رنز بنائے جبکہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔ اوپننگ پر آنے والے کپتان دیمتھ کرونارتنے 11 رنز کے مجموعے پر صرف 1 رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔سری لنکا کی دوسری وکٹ 60 رنز کے مجموعے پر کوشل مینڈس کی گری جو کہ 21 رنز بنا کر پاکستانی سپنر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے۔ پاکستانی باولر حسن علی نے میزبان ٹیم کا تیسرا شکار اوپننگ پر آنے والے اوشادہ فرنینڈو کا کیا، وہ 35 رنز بنا کر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔
چوتھے نمبر پر آنے والے انجیلو میتھیوز صفر توڑنے میں بھی کامیاب نہیں ہوئے اور یاسر شاہ کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ دوسرے سیشن کے آغاز پر سری لنکن بلے باز “دھننجیا ڈی سلوا “14رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ “نرشون ڈکولا” بھی شاہین آفریدی کی گیند پر صرف 4رنز بنا کر آغا سلمان کے ہاتھو ں کیچ آو¿ٹ ہوئے۔ سری لنکا کی ساتویں وکٹ 130رنز کے مجموعے پر رمیش مینڈس کی گری جو 11رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھو ں کیچ آوٹ ہوئے جبکہ آٹھویں وکٹ “پرباتھ جیسوریا ” کی 133رنز پر گری جو صرف تین رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوئے اور محمد نواز کی گیند کا شکار ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مال نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی ، دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز کی اننگ کھیلی اور یاسر شاہ کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 4 وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ان کے علاوہ حسن علی اور یاسر شاہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا، نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔