کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس کو اپنی سابق گرل فرینڈ پر حملہ کرنے کے الزام میں عدالت نے طلب کر لیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق نک کرگیوس پر گزشتہ سال دسمبر میں اپنی سابق گرل فرینڈ پر حملہ کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
نک کرگیوس ان دنوں انگلینڈ میں ہیں جہاں وہ 2014ءکے بعد پہلی بار ومبلڈن کواٹرفائنل میں پہنچے ہیں۔ آسٹریلوی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ عدالت نے 2اگست 2022ءکو نک کرگیوس کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
نک کرگیوس کے وکیل جیسن موفے کا کہنا ہے کہ ٹینس سٹار خود پر لگنے والے الزام سے آگاہ ہے اور اسے عدالت میں پیشی کے متعلق بتا دیا گیا ہے۔ جیسن موفے کا کہنا تھا کہ اس الزام کو گھریلو واقعے کے طور پر لیا جانا چاہیے کیونکہ اس وقت نک کرگیوس اور ان کی گرل فرینڈ تعلق میں تھے اور اکٹھے رہ رہے تھے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ نک کرگیوس پر عائد الزام اگر ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں ممکنہ طور پر 2سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔