لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹر عمر اکمل اپنی اہلیہ کے عمراہ سابق وکٹ کیپر بلے باز ذوالقرنین حیدر کی عیادت کرنے پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کےمطابق عمر اکمل نے ذوالقرنین حیدر کی خیریت دریافت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے جتنا ہوسکا انہوں نے اتنی مدد کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔ ذوالقرنین حیدر کا کہنا تھا کہ عمر اکمل چل کر ان کے گھر آگئے ہیں ، ان کے دل میں کوئی رنجش نہیں ہے۔
خیال رہے کہ 2010 میں ذوالقرنین حیدر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز چھوڑ کر لندن چلے گئے تھے جہاں پہنچ کر انہوں نے کہا تھا کہ فکسرز کی جانب سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ سنہ 2020 میں میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت عمر اکمل پر پابندی عائد ہوئی تو ذوالقرنین کا کہنا تھا کہ ان پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے کیونکہ یہ ایک مافیا ہے جس نے انہیں 2010 میں ڈرایا دھمکایا تھا۔