لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے بھارتی سپن باؤلر ہربھجن سنگھ کے ساتھ ماضی میں پیش آنے والا دلچسپ واقعہ سنادیا۔
اے آر وائی سپورٹس کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف نے بتایا کہ 2003 میں ان کی ہربھجن سنگھ کے ساتھ شدید لڑائی ہوجاتی اگر عین وقت پر سعید انور نہ آتے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہربھجن سنگھ کو انہوں نے مذاق میں ایسی بات کہہ دی جو ٹی وی پر نہیں بتائی جاسکتی، اس پر سب لوگ ہنسنے لگے۔ اس کے بعد پاکستان اور انڈیا کا میچ ہوا تو ہربھجن سنگھ کو نہیں کھلایا گیا ، وہ ثقلین مشتاق کے بہت بڑے مداح تھے اور باہر انہی کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے جہاں ثقلین نے ایک بار پھر وہی بات دہرادی۔
محمد یوسف کے مطابق ثقلین مشتاق کے بات دہرانے پر ہربھجن سنگھ کو غصہ آگیا، جب ہم کھانے کی جگہ پر گئے تو وہاں ہم دونوں کے درمیان تلخی ہوگئی۔ ہم دونوں نے ہی کھانے کے بڑے چمچ اٹھالیے اور اس سے پہلے کہ ہم لڑتے، سعید انور آگئے جنہوں نے معاملہ رفع دفع کرادیا۔