کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے کراچی کے حلقہ این اے 240 کورنگی 2 کے ضمنی انتخاب میں میدان مار لیا۔
این اے 240 کے تمام 309 پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے جس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار محمد ابوبکر نے 65 ووٹوں کے فرق سے یہ نشست اپنے نام کرلی۔ انہوں نے ایم کیو ایم رہنما اقبال محمد علی کی وفات کے بعد خالی ہونے والی یہ نشست 10 ہزار 683 ووٹوں سے جیتی ہے ۔ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ٹی ایل پی کے امیدوار شہزادہ شہباز نے 10 ہزار 618 ووٹ حاصل کیے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ٹی ایل پی کے درمیان پوری گنتی کے دوران ہی سخت کانٹے کا مقابلہ رہا، کسی بھی پولنگ سٹیشن کا نتیجہ ایسا نہیں آیا جو دونوں پارٹیوں میں فرق کو واضح کردیتا۔ تمام پولنگ سٹیشنز پر کبھی ٹی ایل پی آگے تو کبھی ایم کیو ایم چند ووٹوں کے فرق سے آگے نظر آئی، نتیجے میں حتمی فرق 300 پولنگ سٹیشنز کا رزلٹ آنے کے بعداس وقت پڑا جب ایم کیو ایم کے امیدوار نے لیڈ حاصل کی جو انہوں نے 309 ویں پولنگ سٹیشن کے نتیجے تک پہنچتے پہنچتے برقرار رکھی۔
این اے 240 کے ضمنی الیکشن میں مہاجرقومی موومنٹ کےرفیع الدین فیصل آٹھ ہزار 383 ووٹ لےکرتیسرےنمبرپر رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ناصر رحیم لودھی پانچ ہزار 248 ووٹوں کے ساتھ چوتھے جب کہ پاک سرزمین پارٹی کے شبیر قائم خانی چار ہزار 797 ووٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔